علی گڑھ،2؍اگست(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)دہلی ہاوڑہ ریلوے لائن پراس وقت ایک بڑا حادثہ ٹل گیاجب لکھنؤ جا رہی شتابدی ایکسپریس ٹرین کے محتاط ڈرائیور نے کمپارٹمنٹ کو جوڑنے والے راڈکے ٹوٹ جانے پر وقت رہتے ہنگامی بریک لگا دیئے۔یہ واقعہ خورجہ جنکشن ریلوے اسٹیشن کے قریب اس وقت ہوا جب پانچویں ایئرکینڈیشن ڈبے کے راڈٹوٹ گئے جس سے ٹرین کومسلسل جھٹکے لگے۔خرابی کوسمجھ کرٹرین ڈرائیور نے ٹرین کو روک دیا۔اس دوران اگرچہ کسی مسافر کوئی چوٹ نہیں آئی ہے لیکن ایک بڑاحادثہ ٹل گیا۔یہ واقعہ صبح تقریباََ 8بجے پیش آیا۔الگ ہوئے کوچز کوبعدمیں انجن کے ساتھ شامل کر دیا گیا، حادثے کی وجہ ٹرین کے آپریشن میں50منٹ کی تاخیر ہوئی۔ سپرنٹنڈنٹ پی کے گپتا نے بتایا کہ کالکا میل سمیت کئی ٹرین خورجہ جنکشن پر پھنس گئیں اور انہیں ریل ٹریفک ہموار ہونے کا انتظار کرنا پڑا۔انہوں نے بتایا کہ واقعہ میں کسی بھی مسافر کو کوئی نقصان نہیں پہنچاہے۔